ہوائی جہاز کا سفر بعض لوگوں کیلئے بہت گھبراہٹ کا سبب بنتا ہے اور خصوصاً جب ہوا کےدباﺅ میں اچانک تبدیلی کی وجہ سے جہاز کانپنا شروع کردیتا ہے تو ایسے مسافروں کے خوف سے چھکے چھوٹ جاتے ہیں۔ اس خوف پر قابو پانے کیلئے مسافر طرح طرح کے حربے اختیار کرتے ہیں لیکن ایک تجربہ کار پائلٹ نے اس پریشانی کا بے حد آسان حل بتادیا ہے۔
دی مرر کی رپورٹ کے مطابق پائلٹ ران نیلسن نے ایک حالیہ ٹی وی شو کے دوران بتایا کہ اگر آپ فضائی سفر کے دوران کسی بھی وقت خوف محسوس کریں تو اس سے بچنے کیلئے اپنے الٹے ہاتھ میں قلم پکڑیں اور کاغذ پر اپنا نام بار بار لکھنا شروع کردیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ دایاں ہاتھ استعمال کرتے ہیں تو قلم بائیں ہاتھ میں پکڑیں، اور اگر بایاں ہاتھ استعمال کرتے ہیں تو قلم دائیں ہاتھ میں پکڑیں، اور پھر اس سے اپنا نام بار بار لکھیں۔

ران نیلسن کا کہنا ہے کہ اس تکنیک سے آپ کی ذہنی یکسوئی میں خلل پیدا ہوتا ہے جس کے نتیجے میں خوف آپکے ذہن سے نکل جاتا ہے۔ الٹے ہاتھ سے لکھنے کا عمل آپ کے دماغ کے موٹر فنکشن کو بھی متاثر کرتاہے جس کی وجہ سے آپ کے دماغ میں موجود خوف سے متعلقہ سوچوں کا ربط ٹوٹ جاتا ہے۔
ا نہوں نے ایک خاتون کو فلائٹ سمیولیٹر میں بٹھا کر اس تکنیک کا عملی تجربہ بھی کرکے دکھایا۔ ہوانا بلنگٹن نامی خاتون کا کہنا تھا کہ وہ فضائی سفر اور خصوصاً جہاز کے کانپنے سے بے حدخوفزدہ ہوتی ہیں لیکن ران نلسن کے بتائے ہوئے طریقے پر عمل کرنے سے انہیں ذرا بھی خوف محسوس نہیں ہوا۔