کراچی(این این آئی) پاکستان کے تین بڑے ایئرپورٹس پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کی سکیننگ کیلئے جدید ٹیکنک کے حامل مشینیں نصب کردی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹ پر ان مشینوں کے ذریعے مسافروں کی فل باڈی سکیننگ کی جائے گی جس کا مقصد منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے ساتھ ساتھ ممکنہ دہشت گردی کو بھی ناکام بنانا ہے۔ اس ضمن میں اے ایس ایف کے ڈپٹی ڈی جی بریگیڈیئر عمران الحق نے بتایا کہ 15 کروڑ کی لاگت سے جدید مشینیں جرمنی سے برآمد کی گئی ہیں ان مشینوں کے ذریعے انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہوگی اور نہ بیرون ملک جانے والے مسافروں کی صحت کو نقصان ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ملک کے دیگرایئرپورٹس پر بھی مرحلہ وار جدید مشینیں نصب کی جائیں گی اور ان جدید فل باڈی سکینر مشینوں کی دیکھ بھال سول ایوی ایشن کرے گی ۔